چنائی ٹیسٹ،بھارت نے پہلی اننگز 759 رنز پر دیکلیئر کردی

206

کرن نائر کی شاندار ٹرپل سنچری کی بدولت بھارت نے چنائی ٹیسٹ کے چوتھے روز اپنی پہلی اننگز میں 759 رنز 7 وکٹوں کے نقصان پر ڈیکلئر کردی، کرن نائر نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 303 قیمتی رنز بنائے اور بھارت میں پانچویں نمبر پر کھیلتے ہوئے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز چنائی میں ٹیسٹ کے چوتھے روز بھارت نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 391 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو کرن نائر 71 اور مرلی وجے 17 رنز پر کھیل رہے تھے مرلی وجے بھارت کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 29 رنز بناکر لائم ڈاوسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد کرن نائر اور روی چندرن ایشون نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 181 قیمتی رنز بنائے، اس وقت بھارت کا مجموعی سکور 616 رنز تھا۔ روی چندرن ایشون بھارت کے چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 67 رنز بناکر سٹورٹ براڈ کی گیند پر بٹلر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، اس دوران کرن نائر نے اپنی ٹیسٹ کیریئر کی ٹرپل سنچری بھی مکمل کرلی، راویندرا جدیجہ ساتویں آؤٹ ہونے کھلاڑی تھے جو 51 رنز بناکر ڈاؤسن کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، یادو ایک اور کرن نائر 303 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور بھارت نے اپنی پہلی اننگز 759 رنز پر ڈیکلیئر کر دی۔

انگلینڈ کی طرف سے سٹورٹ براڈ اور ڈاؤسن نے دو ، دو جبکہ معین علی، سٹوکس اور عادل راشد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

انگلینڈ نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان پر 12 رنز بنالیے۔