بھارت نے ناقابل شکست رہنے کا نیاملکی ریکارڈ قائم کردیا

115

بھارت نے لگاتار زیادہ ٹیسٹ میچز میں ناقابل شکست رہنے اور سال میں زیادہ فتوحات کا نیا ملکی ریکارڈ اپنے نام کر لیا،بھارت نے انگلینڈ کو آخری ٹیسٹ میں شکست دے کر یہ سنگ میل عبور کیا۔

بھارت نے مسلسل 18 میچز میں ناقابل شکست اور سال کے دوران 9 ٹیسٹ میچز میں کامیابیاں حاصل کر کے نیا ملکی ریکارڈ قائم کرنے کا اعزاز حاصل کیا، اس سے قبل بھارت کا مسلسل سترہ میچز میں ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ تھا جو اس نے 1985ء سے 1987ء کے دوران بنایا تھا۔ بھارت نے 20 اگست 2015ء سے 20 دسمبر 2016ء تک مختلف ٹیموں کے خلاف مجموعی طور پر 18 ٹیسٹ میچز کھیلے جس میں بھارت نے 14 جیتے اور چار ڈرا کئے۔

واضح رہے کہ مسلسل زیادہ ٹیسٹ میچز میں ناقابل شکست رہنے کا عالمی ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے پاس ہے جو 1982ء سے 1984ء تک 27 میچز میں ناقابل شکست رہا تھا۔ اس کے علاوہ بھارت نے سال میں زیادہ ٹیسٹ فتوحات کا نیا ملکی ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا، بھارت نے رواں برس نویں کامیابی حاصل کر کے یہ سنگ میل عبور کیا، اس سے قبل بھارت نے 2010ء میں آٹھ فتوحات حاصل کر کے ملکی ریکارڈ قائم کیا تھا۔