سابق صدر آصف علی زرداری کی وطن واپسی،ائیرپورٹ روانہ

202

پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری دبئی سے  وطن واپسی کے لئے گھر سے ائیرپورٹ کے لئےروانہ ہوگئے۔

چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹونےآصف علی زرداری کے پاکستان واپسی کے حوالے سےسوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ سابق صدرآصف علی زرداری نے واپسی کا سفرشروع کردیا ہے،بلاول بھٹو نے ٹوئٹر پر آصف علی زرداری کی تصویر بھی شیئر کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ دبئی سے قرآن پاک کے سائے میں گھر سے روانہ ہورہے ہیں۔ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری دبئی سےخصوصی طیارےکے ذریعے کراچی پہنچ رہے ہیں ۔

آصف زرداری وطن واپسی پر اولڈ ٹرمینل پر جلسے سے خطاب کریں گے۔ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے دبئی سے وطن واپس آتے ہی اولڈ ٹرمینل کا دورہ کیا اور جلسے کے انتظامات کا جائزہ لیا ہے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے کئی دیگر سینئر رہنما بھی موجود تھے۔

آصف زرداری کے خطاب کے لیے بم پروف ٹرک اولڈ ٹرمینل پہنچادیا گیا ہے۔ بم پروف ٹرک کو اسٹیج کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ 2007 میں وطن واپسی پر بینظیربھٹو نے بھی اسی ٹرک پر سفر کیا تھا۔ خطاب کے بعد آصف زرداری ہیلی کاپٹر کے ذریعے بلاول ہاؤس روانہ ہونگے۔

سابق صدر  ایئرپورٹ سے بلاول ہاؤس بذریعہ ہیلی کاپٹر یا شارع فیصل سے جائیں گے اس بات کو پیپلزپارٹی کی جانب سے خفیہ رکھا جارہا ہے۔ آصف زرداری بلاول ہاؤس پہنچنے کے بعد پارٹی رہنماؤں کے اجلاس کی بھی صدارت کریں گے۔