افغان سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 18عسکریت پسند ہلاک

195

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک حملے میں طالبان دور کے سفارت کارملا عبدالسلام ضعیف محفوظ رہے، شمالی افغانستان میں افغام حکومت کی حامی جنگجو ملیشیا کے ایک عسکریت پسند نے گولیاں مار کر اپنے پانچ ساتھیوں کو ہلاک کر دیا ،افغان سیکیورٹی فورسز نے ملک کے مختلف حصوں میں کارروائیوں کے دوران 18عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیاہے،ننگرہار میں ڈرون حملے میں شدت پسند تنظیم داعش کے دو ارکان ہلاک ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق حکام نے بتایا کہ طالبان دور کے سفارت کار ملا عبدالسلام ضعیف دارالحکومت کابل کے ضلع باگرام میں اپنے گھر کے قریب ہونے والے ایک حملے میں محفوظ رہے۔ملا عبدالسلام ضعیف کے ایک قریبی دوست نے بتایا کہ عمومی طور پر ملا ضعیف مغرب اورعشاء کے وقت نماز کیلئے مسجد جاتے ہیں اورحملہ آوروں نے بظاہر اسی صورتحال سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی ہے،حملہ آوروں کی فائرنگ سے ان کا ایک محافظ ہلا ک ہوگیا۔ابھی تک کسی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ افغام حکومت کی حامی جنگجو ملیشیا کے ایک عسکریت پسند نے گولیاں مار کر اپنے پانچ ساتھیوں کو ہلاک کر دیا ۔

شمالی صوبہ قندوز میں ضلعی انتظامی افسر ہدایت اللہ امیری نے بتایا کہ عسکریت پسند نے ایک چیک پوسٹ پر حملہ کر کے اپنے سوئے ہوئے ساتھیوں کو ہلاک کیا۔ حملے کے بعد عسکریت پسند اپنے ساتھیوں کا تمام اسلحہ لے کر جائے واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ مقامی پولیس نے حملہ آور کی تلاش کا عمل شروع کر دیا ہے۔ابھی تک کسی گروپ کی جانب سے اِس حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا اعلان سامنے نہیں آیا ۔

کابل میں وزارت دفاع کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیاہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں کارروائیوں کے دوران 18عسکریت پسند ہلاک اور16زخمی ہوگئے۔ان کارروائیوں میں بھاری مقدار میں اسلحہ اورگولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیاہے۔

صوبہ ننگرہار میں امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں شدت پسند تنظیم داعش کے 2جنگجو ہلاک ہوگئے۔حکام کے مطابق یہ کارروائی ننگرہار کے علاقہ ہسکہ مینہ میں کی گئی۔دریں اثناء صوبہ فرح میں طالبان نے ایک چیک پوسٹ پر حملہ کرکے 9پولیس اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔ پولیس کے مطابق حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔