میلبرن ٹیسٹ،پہلے دن کے اختتام پر پاکستان کے 4 وکٹ پر 142 رنز

185

میلبرن میں بارش کے باعث کھیل مقررہ وقت سے پہلے ختم کردیا گیا، پہلی اننگز میں پاکستان نےآسٹریلیا کے خلاف کھیل کے اختتام تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنالیے۔

میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز سمیع اسلم اور اظہر علی نے کیا تاہم 18 کے مجموعی اسکور پر سمیع اسلم 9 رنز بناکر ناتھن لیون کا شکار بن گئے۔بابر اعظم بھی 23 رنز کے انفرادی اسکور پر کھانے کے وقفے سے پہلےآخری اوور میں ہیزلی ووڈ کے گیند پر سلپ میں اسمتھ کے کو کیچ تھما بیٹھے۔اظہر علی نے نصف سینچری اسکور کرتے ہوئے رواں برس ایک ہزار رنز بنانے والے والے پہلے پاکستانی بھی بن گئے۔

اظہر علی اور یونس خان نے پاکستان کے اسکور کو آگے بڑھاتے ہوئے 111 رنز کے مجموعی اسکور تک پہنچایا اس کے بعد یونس خان 21 رنز بناکر جیکسن برڈ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔کپتان مصباح الحق ایک بار پھر ناکام ہوگئے اور صرف 11 رنز بناکر جیکسن برڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔پاکستان نے 50.5 اوورز میں 142 رنز اسکور کئے تھے کہ بارش کے باعث کھیل روک کر چائے کا وقفہ لے لیا گیا تاہم کھیل دوبارہ شروع نہ ہو سکا۔ پہلے روز کا کھیل ختم ہوا تو اظہر علی 66 اور اسد شفیق 4 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے۔

آسٹریلیا کی جانب سے جیکسن برڈ نے 2 جب کہ ہیزل وڈ اور ناتھن لیون نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی اورراحت علی کی جگہ سہیل خان کو ٹیم میں شامل کیا گیاجبکہ آسٹریلیوی ٹٰیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔