افغانستان،کارروائیوں میں 20شدت پسندہلاک

176

افغانستان میں مختلف کارروائیوں میں 20شدت پسند اور4پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے،شمالی افغانستان میں طالبان نے خاتون کا سر قلم کردیا۔

افغان میڈیا کے مطابق وزارت دفاع کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیاہے کہ گزشتہ روز زابل کے اضلاع دائی چوپان اور میزان میں فضا ئی کارروائیوں میں 4شدت پسند ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے۔بیان میں کہا گیاہے کہ کارروائی علاقہ میں شدت پسند تنظیم داعش کے پھیلاو کی اطلاعات کے بعد کی گئی۔مرنے والوں کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔شمالی صوبہ بدخشاں میں مختلف کارروائیوں میں مقامی پولیس کے تین ارکان ہلاک جبکہ ایک طالبان کمانڈرمارا گیا۔صوبہ غزنی میں ایک جھڑپ کے دوران کمانڈر سمیت6طالبان ہلاک ہوگئے۔صوبہ فرح میں ایک جھڑپ میں تین پولیس اہلکار ہلاک اورکئی دیگر زخمی ہوگئے۔

مشرقی صوبہ ننگرہار میں حکام نے بتایا کہ مختلف اضلاع میں کارروائیوں میں شدت پسند تنظیم داعش کے 9ارکان ہلاک ہوگئے۔شمالی صوبہ سرائے پل میں طالبان نے ایک خاتون کا سر قلم کردیا۔افغان میڈیا کے مطابق ابھی تک واقعے کے محرکات کا پتہ نہیں لگایا جاسکا۔سرائے پل میں سرگرم عمل طالبان گروپ نے اس واقعے سے لا تعلقی کا اعلان کیا ہے۔