ڈونلڈ ٹرمپ نے تھامس بوزرٹ کو ہوم لینڈ سکیورٹی امورکا مشیر مقرر کردیا

186

نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تھامس بوزرٹ کو ہوم لینڈ سکیورٹی، انسداد دہشت گردی اور سائبر سکیورٹی کے امور کا مشیر مقرر کر دیا ،بوزرٹ ٹرمپ کے قومی سلامتی کے مشیر، ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل مائیکل فلن کے ساتھ قریب رہ کر کام کریں گے۔

امریکی میڈیا کے مطابق نو منتخب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ہوم لینڈ سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی کے سربراہ کے طور پر، تھامس بوزرٹ کو نامزد کیا ہے، جو قومی سلامتی کے امور پر ایک تجربہ کار شخص ہیں ٹرمپ کی عبوری ٹیم کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ تھامس بوزرٹ ہوم لینڈ سکیورٹی، انسداد دہشت گردی اور سائبر سکیورٹی کے امور پر صدر کے مشیر ہوں گے، جب کہ وہ پالیسی وضع کرنے اور عمل در آمد کے سلسلے میں کابینہ سے رابطے کا کام انجام دیں گے۔

 بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی سلامتی کے مشیر کے ساتھ ساتھ یہ ایک علیحدہ عہدہ ہوگا جسے بحال کیا جا رہا ہے ۔ بوزرٹ ٹرمپ کے قومی سلامتی کے مشیر، ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل مائیکل فلن کے ساتھ قریب رہ کر کام کریں گے۔ اِن دِنوں، بوزرٹ ’سی ڈی ایس کلسلٹنگ‘ کے ادارے میں ’رسک منیجمنٹ‘ کے سربراہ کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔ صدر جارج ڈبلیو بش کے دور میں، وہ ہوم لینڈ سکیورٹی کے لیے صدر کے معاون کے طور پر کام کر چکے ہیں۔