میلبورن ٹیسٹ:آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دے دی

135

میلبورن ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے پاکستان کواننگز اور 18 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز دو صفر سے اپنے نام کرلی۔

میلبرن میں کھیلے  جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز پاکستان ٹیم کی بیٹنگ لائن دوسری اننگز میں بری طرح ناکام ہوگئی اور پوری ٹیم 163 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اوراس طرح پاکستان کو اننگز اور 18 رنز سےشکست ہوئی۔پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز اظہر علی اور سمیع اسلم نے کیا لیکن سمیع اسلم ایک بار پھر بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے اور 2 رنز بنا کر ہیزل ووڈ کی گیند پر بولڈ ہو گئے جب کہ بابر اعظم بھی صرف 3 رنز پر مچل اسٹارک کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ یونس خان 24 رنز بنا کر ناتھن لیون کی گیند پر شارٹ مڈ وکٹ پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق بھی دوسری ہی گیند پر ناتھن لیون کا شکار بن گئے جب کہ اسد شفیق بھی 16 رنز پر لیون ہی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

اظہر علی نے دوسری اننگز میں بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 43 رنز بنائے اور جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ محمد عامر 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ سرفراز احمد 43 اور وہاب ریاض اپنا کھاتا کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ یاسر شاہ بھی صفر پر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 4، ناتھن لیون نے 3، ہیزل ووڈ نے 2 اور جیکسن برڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 624 رنز 8 آؤٹ پر ڈیکلیئر کردی تھی،آسٹریلیا کی جانب سے کپتان اسٹیون اسمتھ نے 165رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے سہیل خان اور یاسر شاہ نے 3،3 اور وہاب ریاض نے 2 وکٹیں حاصل کی۔

یاد رہے پاکستان نے اپنی پہلی اننگ 443 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کردی تھی۔