انتخابات ہیکنگ تنازع،ٹرمپ امریکی انٹیلی جنس پر برس پڑے

206

امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابات میں ہیکنگ کے حوالے سے امریکی انٹیلی جنس کوایک بار پھر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق نومنتخب صدرڈونلڈٹرمپ  نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ 2016 کے انتخابات میں مبینہ روسی مداخلت کے متعلق انھیں جو انٹیلجنس رپورٹ دی جانی تھی اس میں تاخیر ہو رہی ہے۔خیال رہے کہ صدارتی انتخابات میں مبینہ روسی مداخلت کے بارے میں یہ کہا جاتا ہے کہ اس سے ڈونلڈ ٹرمپ کو فائدہ پہنچا ہے۔

ٹرمپ نے لکھا کہ شاید معاملہ تیار کرنے میں مزید وقت درکار ہے۔ یہ بہت عجیب بات ہے۔لیکن امریکی انٹلیجنس حکام کا کہنا ہے کہ بریفنگ کے شیڈول میں کوئی تاخیر نہیں ہوئی ہے۔ایف بی آئی اور سی آئی اے سمیت مختلف امریکی ایجنسیوں کا خیال ہے کہ روس نے ڈیموکریٹک پارٹی اور اس کی صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن کے خلاف ہیکنگ کا حکم دیا تھا اور وکی لیکس اور دوسرے ذرائع سے پریشان کن معلومات کو افشا کیا گیا تھا تاکہ ڈونلڈ ٹرمپ کے انتخابات میں کامیاب ہونے میں مدد مل سکے۔

ابتدا میں ڈونلڈ ٹرمپ ٹرمپ نے ان دعوں کو ‘مضحکہ خیز’ کہتے ہوئے مسترد کر دیا تھا لیکن بعد میں کہا تھا کہ وہ امریکی انٹلیجنس کے سربراہوں سے ‘حالات کے متعلق سچ جاننے کے لیے ملاقات کریں گے۔