کیپ ٹاؤن ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل

168

جنوبی افریقہ اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا، پروٹیز کی میچ میں گرفت مضبوط ہے جبکہ سری لنکا پر شکست کے سیاہ بادل منڈلانے لگے ہیں، آئی لینڈرز نے تیسرے روز کھیل کے اختتام تک اپنی دوسری اننگز میں 4 وکٹوں پر 130 رنز بنائے تھے، آئی لینڈرز کو کامیابی کیلئے مزید 377 رنز اور پروٹیز کو 6 وکٹیں درکار ہیں۔

بدھ کو کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقن ٹیم نے 35 رنز بغیر کسی وکٹ کے نقصان اپنی دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو ڈین ایلگر 19 اور سٹیفن کک 15 رنز پر کھیل رہے تھے، تیسرے روز پروٹیز کا کوئی بھی کھلاڑی خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا اور میزبان ٹیم نے 224 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی دوسری اننگز ڈیکلیئر کر کے مہمان ٹیم کو کامیابی کیلئے مجموعی طور پر 507 رنز کا ہدف دیا، ڈین ایلگر 55 رنز بنا کر نمایاں رہے، سٹیفن کک 30، ہاشم آملہ صفر، جے پی ڈومینی 30، باووما صفر اور ڈی کوک 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، مہاراج 20 اور فلینڈر 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، سرنگا لکمل نے 4 جبکہ لاہیروکمارا اور رنگناہیراتھ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

سری لنکن ٹیم 507 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب کیلئے دوسری اننگز میں جب میدان میں اتری تو پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی اس کے بلے بازوں کی کارکردگی مایوس کن رہی، تیسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو آئی لینڈرز نے 4 وکٹوں پر 130 رنز بنا لئے تھے اور اسے کامیابی کیلئے مزید 377 رنز جبکہ پروٹیز کو 6 وکٹیں درکار ہیں، کرونارتنے 6، کوشل سلوا 29، کوسل مینڈس 4 اور دھانن جایا ڈی سلوا 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، میتھیوز 29 اور چندیمل 28 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، فلینڈر اور ربادا نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔