فاٹا اصلاحات کمیٹی کے اقدمات قابل ستائش ہیں،صدر مملکت ممنون حسین

157

صدر مملکت ممنون حسین نے فاٹا کو مرکزی دھارے میں لانے کے لئے تمام فریقین کی مشاورت سے جامع اصلاحات مرتب کرنے پر فاٹا اصلاحات کمیٹی کے کام کو سراہتے ہوئے علاقے کی عوام کی زندگیوں میں تبدیلی لانے کے لئے سفارشات کو جلد نافذ کرنے کی ضرورت پر زور دیاہے۔

 انہوں نے یہ بات جمعہ کو ایوان صدر میں وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز کی طرف سے فاٹا اصلاحات کے بارے میں انہیں دی گئی بریفنگ میں کہی۔ گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا، وفاقی وزیر برائے ریاستیں و سرحدی امور لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ، وزیر قانون زاہد حامد اور سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ فاٹا اصلاحات کمیٹی بہت جلد مجوزہ اصلاحات کے بارے میں مکمل اتفاق رائے پیدا کرلے گی جو فاٹا کے عوام کو ان کے جائز سیاسی، قانونی اور آئینی حقوق دینے اور قومی یکجہتی کے فروغ میں ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔