پاکستان نے بھارتی مداخلت کے ثبوت اقوام متحدہ میں جمع کروادیے

249

پاکستان نے بھارت کی جانب سے پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہونے والے کے حوالے سے ڈوزیئر اقوام متحدہ میں جمع کردیا،پاکستان نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کو پاکستان میں مداخلت اور عدم استحکام پھیلانے کے حوالے سے کی جانے والی تخریبی سرگرمیوں سے روکنے کے حوالے سے کردار ادا کرے، ڈوزیئر میں پاکستان میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کی مداخلت اوربالخصوص بلوچستان ، فاٹا اور کراچی میں دہشتگردی میں ملوث ہونے کے حوالے سے اضافی معلومات شامل ہیں۔

جمعہ کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق پاکستان نے بھارت کی جانب سے پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہونے والے کے حوالے سے ڈوزیئر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو جمع کرادیا ۔ پاکستان نے اقوام متحدہ کو کہا ہے کہ وہ بھارت کو پاکستان میں مداخلت اور عدم استحکام پھیلانے کے حوالے سے کی جانے والی سرگرمیوں سے روکے ۔اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے بھارت کی پاکستان میں مداخلت اور دہشتگردی کے حوالے سے سرگرمیوں پر مبنی ڈوزیئر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو دیا ۔ ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا خط بھی دیا ۔ ڈوزیئر میں پاکستان میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کی مداخلت اوربالخصوص بلوچستان ، فاٹا اور کراچی میں دہشتگردی میں ملوث ہونے کے حوالے سے اضافی معلومات شامل ہیں ۔اکتوبر2015میں اقوام متحدہ میں جمع کرائے گئے تین ڈوزیئر کے بعد یہ چوتھا ڈوزیئر جمع کرایا گیا ہے۔

ڈوزیئر کے ساتھ دیے گئے خط میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کی بلوچستان سے گرفتاری اور اس کا پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہونے کے حوالے سے اعترافی بیان اورپاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے حوالے سے دہشت گردوں کی مدد پاکستان کے بھارت کے حوالے سے پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کے حوالے سے دیرینہ موقف کی تائید ہے ۔ ۔بھارت کے پاکستان کے حوالے سے جارحانہ رویہ بھارت کی سیاسی اور عسکری قیادت کی جانب سے دی جانے والے حالیہ بیانات اس بات کا عکاس ہیں۔

 مشیر خارجہ نے خط میں لکھا ہے پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں ۔ دہشتگردی کی وجہ سے ہزاروں فوجیوں اور سویلین نے جانوں کی قربانیاں دیں اور بھارت کی سرگرمیاں ان فوائد کو نقصان دینے کے مترادف ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر زوردیا کہ وہ اقوام متحدہ کے متعلقہ اداروں کے ذریعے پاکستان کی جانب سے فراہم کی جانے والی معلومات کی روشنی میں سنجیدگی سے نوٹس لے اور بھارت کو اس طرح کی سرگرمیوں سے باز رکھنے کے لئے کردار ادا کیا جائے ۔بھارت کی جانب سے اس طرح کی سرگرمیاں عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں اور عالمی اور علاقائی امن اور استحکام کے لئے خطرہ ہیں ۔پاکستان بھارت سمیت ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن کا خواہاں ہے اور تمام تنازعات کے پرامن حل کا خواہان ہے۔پاکستان علاقائی سالمیت کا ہر حال میں دفاع کرے گا اور ملک کی سلامتی کے لئے اور خطرات سے نمپٹنے کے لئے ہر ممکن قدم اٹھائے گا۔