نوواک جو کووچ نے قطر اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں اینڈی مرے کو شکست دیکراپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کرتے ہوئے ٹینس کی دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی اینڈی مرے کی مسلسل 28 فتوحات کے سلسلہ کو بھی توڑ دیا ہے۔
سربیا کے جوکووچ نے برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے کو قطر اوپن کے فائنل میں 6-3، 5-7 اور 6-4 سے شکست دی۔جوکووچ نے تقریبا تین گھنٹے کے سخت مقابلے کے بعد فائنل میں کامیابی حاصل کی۔اس کے بعد دونوں کھلاڑی سال کے پہلے گرانڈ سلیم ٹورنامنٹ کے لیے آسٹریلیا روانہ ہوں گے جہاں 16 جنوری سے آسٹریلین اوپن ٹورنامنٹ شروع ہو رہا ہے۔29 سالہ مرے نے شکست کے بعد کہا کہ مقابلہ سخت تھا تاہم سال کا آغاز اچھا ہوا ہے اور ہم آنے والے چند ہفتوں کے تعلق سے بہت پرامید ہیں۔
دوحہ میں ہونے والے فائنل کے تیسرے سیٹ میں جوکووچ تھکے ہوئے نظر آئے تاہم انھوں نے سخت مقابلہ کیا اور میچ میں واپسی کی۔انھوں نے کہا کہ اپنے سب سے بڑے حریف کے خلاف یہاں جیت حاصل کرنا سال کی بہترین ابتدا ہے جو کسی خواب سے کم نہیں۔آئندہ ہفتے شروع ہونے والے آسٹریلین اوپن میں بھی جوکووچ دفاعی چیمپیئن ہیں۔ انھوں نے گذشتہ سال مرے کو شکست دے کر چھٹی بار یہ ٹائٹل حاصل کیا تھا۔