دنیا کی دس بدترین ایئر لائنز کی فہرست جاری

231

امریکی ادارے بلوم برگ نے دنیا کی دس بدترین ایئرلائنز کی فہرست جاری کی ہے جس میں بھارت کی ’’ایئرانڈیا‘‘ کو تیسری بدترین فضائی سروس قرار دیا گیا ہے۔

بلوم برگ نے اس کا ڈیٹا عالمی فضائی اعدادوشمار جاری کرنے والی ویب سائٹ فلائٹ اسٹسٹکس سے حاصل شدہ معلومات کے بعد شائع کیا ہے جس میں دنیا کی بدترین 10 ایئرلائنز کو شامل کیا گیا ہے جس کی فہرست بالترتیب کچھ اس طرح سے ہے۔ پہلے نمبر پر ای ایل اے ایل ( اسرائیلی ائیرلائن)، دوسرے نمبر پر آئس لینڈ ایئر، تیسرے نمبر پر ایئر انڈیا، چوتھے نمبر پر فلپائن ایئرلائنز، پانچویں نمبر پر ایشیانا ایئرلائنز،چھٹے نمبر پر چائنا ایسٹ ایئرلائن،ساتویں نمبر پر ہانگ کانگ ایئرلائن،آٹھویں نمبر پر ایئرچائنا، نویں نمبر پر کورین ایئر، دسویں نمبر پر ہینن ایئرلائن شامل ہیں۔

 فلائٹ اسٹسٹکس کی ویب سائٹ کے مطابق اس نے 500 مختلف ذرائع سےحاصل شدہ ڈیٹا کے تجزیے کے بعد یہ رپورٹ جاری کی ہے جسے بلومبرگ نے شائع کیا ہے۔اس میں فلائٹ ٹریکنگ، ایئرپورٹ رن وے کے اوقات، ریڈار سروسز، ایئرلائن ریکارڈز، ایئرپورٹ ڈیٹا اور فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) اور یوروکنٹرول جیسے اداروں سے بھی معلومات لی گئی ہیں۔ ویب سائٹ کے حکام نے بلومبرگ کو بتایا ہم نے فلائٹ کارکردگی میں اہم لوازمات اور قدروں کو بغور دیکھا ہے، ٹیکنالوجی اور سافٹ ویئر کی مدد سے ہم نے معلومات کو پرکھا ہے جس کے بعد یہ نتائج سامنے پیش کیے گئے۔ دوسری جانب ایئرانڈیا نے اس فہرست کو مسترد کردیا ہے۔