پاکستان اسٹاک مارکیٹ،بلندیوں کا ایک اور نیا ریکارڈ قائم

172

حکومت کی جانب سے ٹیکسٹائل پیکیج کے اعلان کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے بلندیوں کا ایک اور نیا ریکارڈ قائم کر دیا ، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ انڈیکس 49390پوائنٹس کی انتہائی بلند ترین سطح کو چھو گیا بلکہ49300پوائنٹس کی سطح پر بند ہوکر ایک اور تاریخی سنگ میل بھی عبور کر لیا ۔ 76ارب روپے کے اضافے سے سرمائے کا مجموعی حجم98کھرب روپے سے تجاوز کر گیا ۔

اسٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے ٹیکسٹائل پیکیج کے اعلان کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کی لہر دوڑ گئی اور 100 انڈیکس ٹریڈنگ کے دوران ایک بار پھر 49 ہزار کی حد عبور کرنے میں کامیاب رہا۔ا سٹاک مارکیٹ میں رجسٹرڈ ٹیکسٹائل سیکٹر سے وابستہ تقریباً تمام کمپنیوں کے حصص کی مالیت میں اضافہ دیکھا گیا جبکہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے سبب ریفائنرز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیز کے شیئرز کی مالیت میں بھی اضافہ کا رجحان جاری رہا۔ترقیاتی کاموں میں تیزی سے سیمنٹ کی فروخت میں اضافے اور اچھے نتائج کی توقعات کے باعث ا سٹاک مارکیٹ میں رجسٹرڈ سیمنٹ مینوفیکچرنگ کمپنیز کے حصص کی مالیت بھی مسلسل بڑھتی رہی ۔

 بدھ کوٹریڈنگ کے دوران100انڈیکس 48900،49000،49100،49200اور49300پوائنٹس کی 5بالائی حد عبور کرنے میں کامیاب رہا اور کاروبارکے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس میں505.81 پوائنٹس کااضافہ ریکارڈکیاگیاجس سے کے ایس ای100انڈیکس48865.79پوائنٹس سے بڑھ کر49371.60پوائنٹس پرجاپہنچااسی طرح کے ایس ای30انڈیکس317.82پوائنٹس کے اضافے سے 26838.23 پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئرزانڈیکس33393.63پوائنٹس سے بڑھ کر33655.67پوائنٹس پربندہوا۔

بدھ کے روزمارکیٹ کے سرمائے میں76ارب63کروڑ67 لاکھ52 ہزار216 روپے کااضافہ ریکارڈکیاگیاجس کے نتیجے میں سرمائے کامجموعی حجم97کھرب85ارب29کروڑ58لاکھ52ہزار483روپے سے بڑھ کر98 کھرب 61 ارب 93 کروڑ 26 لاکھ 4 ہزار699روپے ہوگیا۔بدھ کومارکیٹ میں46کروڑ6لاکھ93ہزارحصص کے سودے ہوئے اورٹریڈنگ ویلیو24ارب روپے ریکارڈکی گئی جبکہ منگل کے روز41کروڑ39لاکھ81ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے اورٹریڈنگ ویلیو20ارب روپے تک محدودرہی تھی ۔