جوہانسبرگ ٹیسٹ،دوسرے روز کا اختتام،سری لنکن ٹیم مشکلات کا شکار

193

جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان آخری ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل خراب روشنی کے باعث وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا، سری لنکن ٹیم جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز 426 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں مشکلات سے دوچار ہے اور اس نے 4 وکٹوں پر 80 رنز بنا لئے تھے، مہمان ٹیم کو فالو آن سے بچنے کیلئے مزید 147 رنز اور میزبان ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 346 رنز درکار ہیں۔

 جمعہ کو جوہانسبرگ ٹیسٹ کے دوسرے روز میزبان ٹیم نے 338 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو آملہ 125 رنز پر کھیل رہے تھے، سری لنکن باؤلرز نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بلے بازوں کو جم کر کھیلنے کا موقع نہ دیا اور پوری ٹیم 426 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، آملہ گزشتہ دن کے سکور میں 9 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 134 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کپتان فاف ڈوپلیسی 16، اولیور 3، باووما صفر، ڈی کوک 34، فلینڈر صفر اور پارنیل 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے

سری لنکا کی جانب سےکمارا اور پرادیپ نے 4، 4 اور میتھیوز نے دو وکٹیں لیں۔

 جواب میں سری لنکن ٹیم کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا، دوسرے روز خراب روشنی کے باعث جب کھیل کو وقت سے پہلے ختم کیا گیا تو آئی لینڈرز نے 4 وکٹوں پر 80 رنز بنائے تھے اور اسے فالو آن سے بچنے کیلئے مزید 147 اور میزبان ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 346 رنز درکار ہیں، میتھیوز 11 اور چندیمل 3 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، فلینڈر اور ربادا نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔