غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آئیں یا نہ آئیں پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہوگا،شہر یار خان

190

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آئیں یا نہ آئیں پاکستان سپر لیگ کا فائنل ہر صورت لاہور میں ہوگا،آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربراہ جائلزکلارک سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے28 جنوری کو لاہور پہنچیں گے۔

لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شہر یار خان کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور انہیں پاکستان میں کھیلنے پر رضا مند کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ان کاکہنا تھا کہ پاکستان میں سکیورٹی کی صورت حال پہلے سے بہتر ہے ،آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک کے ساتھ سکیورٹی وفد 28جنوری کو لاہور آئے گا جسے سیکورٹی کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔شہریار خان نے کہا کہ جونیئر سلیکشن کمیٹی، ویمن کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کے نام فائنل ہوچکے ہیں۔ جونیئر سلیکشن کمیٹی کیلئے بلوچستان کا نمائندہ بھی تلاش کر لیا گیا ہے جس کا جلد اعلان کر دیا جائے گا۔