ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں،ڈی ویلیئرز

105

اسٹار جنوبی افریقن بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز نے رواں برس مارچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف شیڈول ٹیسٹ سیریز سے عدم دستیابی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ فی الوقت پانچ روزہ میچز سے ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا اور سو فیصد فٹ ہونے کے بعد میدانوں میں جاندار کم بیک کرنے کیلئے پر عزم ہوں۔

تفصیلات کے مطابق  اے بی ڈی ویلیئرز کی ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہنے کے حوالے سے افواہیں گردش کر رہی تھیں لیکن انہوں نے انہیں مسترد کر دیا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلاشبہ میری ترجیح لمیٹڈ اوورز کرکٹ ہے لیکن اس کے باوجود میں ٹیسٹ کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار نہیں کر رہا، کیویز کے خلاف ٹیسٹ سیریز نہیں کھیلوں گا لیکن ون ڈے سیریز کیلئے ٹیم کو دستیاب ہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ 2019ء ورلڈ کپ میں ملک کی نمائندگی میرا ہدف ہے اور کوشش ہو گی کہ ٹرافی جیت کر نئی تاریخ رقم کریں۔ ڈی ویلیئرز کہنی کی سرجری کے باعث گزشتہ برس اگست سے کرکٹ میدانوں سے باہر ہیں اور انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں کم بیک کریں گے۔