پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 209 پوائنٹس کی کمی 

178

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں مندی کا رجحان رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس 209.89 پوائنٹس کی کمی سے 48678.65 پوائنٹس پر بند ہوا، مارکیٹ سرمایہ میں 37 ارب 79 کروڑ 53 لاکھ 82 ہزار 15 روپے کی کمی رونماء ہوئی تاہم تجارتی حجم میں 2 ارب 11 کروڑ 94 لاکھ 61 ہزار 188 روپے کی تیزی ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح خرید و فروخت میں بھی 6 کروڑ 35 لاکھ 91 ہزار 160 حصص کا اضافہ ہو گیا۔

 تفصیلات کے مطابق نئے کاروباری ہفتے کے دوسرے روز منگل کو پی ایس ایکس میں مندی کا رجحان رہا اورکے ایس ای 100 انڈیکس 209.89 پوائنٹس کی کمی سے 48678.65 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس بھی 173.82 پوائنٹس کی مندی سے 26339.87 پوائنٹس پر بند ہوا۔ اسی طرح کے ایس سی آل شیئر انڈیکس میں 127.99 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 400.06 پوائنٹس کی مندی رونماء ہوئی۔

مزیدبرآں بینکس ٹریڈ ایبل (بی اے ٹی آئی) انڈیکس 198.56 پوائنٹس کی کمی سے 20213.42 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ آئل اینڈ گیس ٹریڈ ایبل (او جی ٹی آئی) انڈیکس 49.63 پوائنٹس کی مندی سے 18629.62 پوائنٹس پر بند ہوا۔ پی ایس ایکس – کے ایم آئی انڈیکس 72.45 پوائنٹس کی کمی سے 23344.12 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں مجموعی طور پر 415 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 130 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 272 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں مندی اور 13 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔