نائیجرین جیٹ طیاروں کی بمباری،ریڈکراس کے 20 ورکرز سمیت 100 افراد ہلاک،120 زخمی

249

نائیجرین فضائیہ کی شدت پسند تنظیم بوکو حرام کے شبے میں مہاجر کیمپ پر بمباری کے نتیجے میں ریڈ کراس کے 20ورکرزسمیت 100 سے زائد افراد ہلاک اور 120 زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق نائیجیریا کی ایئر فورس کے ایک طیارے نے جو شدت پسند تنظیم بوکوحرام کے خلاف ایک مشن پر تھا غلطی سے مہاجرین اور امدادی کارکنوں پر بمباری کر دی۔ امدادی تنظیم ‘ڈاکٹرز وِد آؤٹ بارڈرز’اور عینی شاہدین کے حوالے سے ملنے والی تازہ اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ اس بمباری کے نتیجے میں 100سے زائد افراد ہلاک اور 120کے قریب زخمی ہو گئے ہیں۔ہلاک ہونے والوں میں ریڈکراس کے 20رضاکار بھی شامل ہیں۔ یہ واقعہ کیمرون کے ساتھ ملنے والی سرحد کے قریب رَین کے مقام پر پیش آیا ہے۔

 نائیجیریا کی فوج نے پہلی مرتبہ اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پائلٹ نے جان بوجھ کر ایسا نہیں کیا تاہم واقعے کی تحقیقات کروائی جائیں گی۔ شمالی مشرقی نائیجیریا کے دیہاتی پہلے بھی روزانہ ہونے والی اس طرح کی بمباری میں شہریوں کے مرنے کا ذکر کرتے رہے ہیں۔اقوام متحدہ کی جانب سے نائیجرین فضائیہ کی مہاجر کیمپ پر بمباری کی شدید مذمت کی گئی ہے ۔