باب کعبہ کے ساتھ سنگ مرمر کے 8 ٹکڑے 800 سال سے نصب

257

باب کعبہ کے ساتھ سنگ مرمر کے 8 ٹکڑے 800 سال سے زائد عرصے سے نصب اور انھیں ‘میری سٹون’کے نام سے جانا جاتا ہے۔

عرب ٹی وی کے مطابق باب کعبہ کے ساتھ متصل سنگ مرمر کے آٹھ ٹکڑوں کی تاریخ کے بارے میں شاید بہت ہی کم لوگ جانتے ہونگے۔ بھورے زردی مائل رنگ کے پتھر ایک اندازے کے مطابق 8 سو سال سے زائد عرصے سے نصب ہیں اور انھیں ‘میری سٹون’ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ مورخین کا کہنا ہے کہ سنگ مرمر کے یہ 8 ٹکڑے باب کعبہ کے قریب المعجن کے مقام پر نصب ہیں۔ صحن مطاف میں یہ جگہ نیچے کی سمت میں ہے۔

تاریخی روایات کے مطابق یہاں پر جبریل علیہ السلام نے بعث نبوی کے بعد پہلی بار نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو نماز سکھائی تھی۔ معجن سفید رنگ کی ریت سے تیار کی گئی ہے اور اس کے نیچے یہ آٹھ ٹکڑے نصب ہیں۔ سنہ 1213ھ سے 1377ھ تک یہ پتھر چوری ہو گئے تھے۔ معجن کی جگہ چونکہ کافی تنگ ہے اور وہاں پر ایک وقت میں صرف ایک ہی شخص کھڑا ہو کر نماز پڑھ سکتا ہے، اس لیے وہاں سے یہ پتھر ہٹا کر شاذروان میں باب کعبہ کے پہلو میں لگا دیے گئے تھے۔

حرمین شریفین کے امور کے محقق محیی الدین الہاشمی کا کہنا تھا کہ سنگ مرمر کے یہ ٹکڑے عباسی خلیفہ ابو جعفر منصور نے مسجد حرام کے لیے ہدیہ کیے تھے۔ انہوں نے یہ پتھر صحن مطاف کی مرمت کے وقت 631 ہجری میں دیے۔ سنگ مرمر کے نیلے رنگ کے پتھر پر اس کی تاریخ درج ہے۔ الہاشمی نے کہا کہ باب کعبہ سے متصل ان سنگ مرمر کے ٹکڑوں پر شاندار نقش ونگار اور پھول بوٹے بنائے گئے ہیں۔ حجم میں یہ ٹکڑے برابر نہیں بلکہ الگ الگ جسامت کے ہیں۔ ان میں سے بڑا ٹکڑا 33 سینٹی میٹر لمبا اور 21 سینٹی میٹر چوڑا ہے۔