پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ

210

ہفتہ کو اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر 108 روپے سے گھٹ کر 107 روپے کی سطح پر واپس آگئی جبکہ پیر تا ہفتہ کے دوران انٹر بینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر مستحکم رہی جبکہ اسی مدت میں پاکستانی روپے کی قدر80 پیسے بڑھ گئی۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ہفتہ کے روزاوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں20پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 107.70 روپے سے کم ہو کر 107.60 روپے اور قیمت فروخت 108 روپے سے کم ہو کر 107.80 روپے ہو گئی تاہم یورو اور برطانوی پاونڈ کی قدر میں بالترتیب 40،60 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے یورو کی قیمت خرید 114.10 روپے سے بڑھ کر 114.50 روپے اور قیمت فروخت 115.60 روپے سے بڑھ کر 116 روپے پر جا پہنچی اسی طرح برطانوی پاونڈ کی قیمت خرید 131.70 روپے سے بڑھ کر 132.30 روپے اور قیمت فروخت 133.20 روپے سے بڑھ کر 133.80 روپے پر آگئی۔

فاریکس کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گذشتہ ایک ہفتے میں انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر 104.90 روپے پر برقرار رہی تاہم یورو کی قدر میں 20 پیسے اور برطانوی پاونڈ کی قدر میں 1.30 روپے کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔