ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف امریکا اور برطانیہ سمیت مختلف ممالک میں احتجاجی مظاہرے

258

نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حلف اٹھاتے ہی امریکہ اور برطانیہ سمیت مختلف ممالک میں احتجاج کا ایک نیا سلسلہ شروع ہوگیا،واشنگٹن،لند ن،آسڑیلیا،نیوزی لینڈ،جاپان اور فلپائن سمیت دیگر ممالک میں بڑی تعداد میں خواتین نے احتجاجی ریلیاں نکالیں جن میں مرد مظاہرین بھی شامل ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے شہر لندن میں خواتین کی جانب سے کیے جانے والے مظاہرے میں ہزاروں خواتین نے شرکت کی جن کا مقصد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عہدہ صدارت کے پہلے دن کے آغاز پر ناپسندیدگی کااظہار کرنا تھا۔

سڈنی میں تقریباً 3000افراد ڈاؤن ٹاؤن کے امریکی قونصل خانے کی طرف مارچ سے پہلے ایک ریلی کیلئے ہائیڈ پارک میں جمع ہوئے۔نیوزی لینڈ کے4 شہروں میں تقریباً 2000 مظاہرین نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مارچ کیا۔

ٹوکیو میں سینکڑوں افراد نے مظاہرہ کیا جن میں امریکی تارکین وطن بھی شامل تھے۔منیلا میں امریکی سفارتخانے کے سامنے فلپائن کے ایک قوم پرست گروپ کے تقریباً 200 مظاہرین نے ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف ریلی نکالی۔واشنگٹن سمیت دنیا بھر میں تقریباً اسی طرح کے 673 احتجاجی مظاہروں کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔