آسٹریلیا نے پاکستان کو چوتھے ون ڈے میں شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی

152

آسٹریلیا نے پاکستان کو چوتھے ون ڈے میں 86 رنز سے شکست دیکر سیریز 3-1 سے اپنے نام کرلی۔

 سڈنی میں کھیلے جانے والے چوتھے ون ڈے میں آسٹریلیوی کپتان اسٹیو اسمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے کیا،آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 92 رنز پر عثمان خواجہ کی گری جب وہ 30 رنز بناکر حسن علی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ ڈیوڈ وارنر نے 98 ویں گیندوں پر کیرئیر کی 12 ویں سینچری اسکور کی اور 130 رنز بنا کر  حسن علی کی گیند پر آؤٹ ہوئے،آسٹریلیا کے کپتان اسٹیو اسمتھ نے 49 رنز بناکر حسن علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

نئے آنے والے بلے باز ٹریوس ہیڈ اور گلین میکس نے آزادانہ انداز میں جارحانہ بیٹنگ کی اور 64 گیندوں پر 100 رنز کی پارٹنرشپ قائم کر کے اپنی ٹیم کے 300 رنز مکمل کرائے۔ہیڈ چار چھکوں کی مدد سے 36 گیندوں پر 51 رنز بنانے کے بعد رخصت ہوئے لیکن گلین میکس ویل کسی پاکستانی بالر کے ہاتھ آںے کا نام نہیں لے رہے تھے اور جب وہ اننگز کی آخری گیند پر آؤٹ ہوئے تو 44 گیندوں پر 78 رنز بنا چکے تھے اور اسکور بورڈ پر 353 رنز کا مجموعہ جگجمگا رہا تھا۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 5 اور محمد عامر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 354 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے جواب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز اظہر علی اور شرجیل خان نے کیا لیکن انجری کے بعد دوبارہ ٹیم جوائن کرنے والے کپتان اظہر علی ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے اور دوسرے ہی اوور میں صرف 7 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔اظہر کے آؤٹ ہونے کے بعد شرجیل اور بابر اعظم کے درمیان 73 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور بابر اعظم 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

شرجیل خان 47 گیندوں پر برق رفتار 74 رنز بناکر ایڈم زمپا کو چھکا لگانے کی کوشش میں باؤنڈری پر ڈیوڈ وارنر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ محمد حفیظ نے 40 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ شعیب ملک 47 رنز بناکر ٹریوس ہیڈ کی گیند پر ڈیوڈ وارنر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ شعیب ملک کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھاسکا اور اس ظرح پوری ٹیم 267 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزلوڈ اور ایڈم زمپا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3،3 کھلاڑیون کو آؤٹ کیا جبکہ ٹریوس ہیڈ نے 2 ،پیٹ کمنز اور مجل اسٹارکس نے 1،1 وکٹ حاصل کی

ڈیوڈ وارنر کو سینچری اسکور کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔