سری لنکن صدر کی موت کی پیشن گوئی کرنے والا نجومی گرفتار

192

سری لنکن پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ماتھیری پالا سینا کی موت سے متعلق پیشن گوئیاں کرنے والے نجومی کو گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس نے بدھ کو بتایا کہ وجیتھا روہانا وجے منی کو عوام کو گمراہ کرنے والی غلط پیش گوئیاں کرنے کے الزام میں منگل کو تحویل میں لیا گیا تھا۔52 سالہ وجے منی نے اپنے فیس بک پیج پر اپنی ایسی متعدد وڈیوز شیئر کیں جن میں اس کا کہنا تھا کہ موجودہ صدر سری سینا 27 جنوری سے قبل بیماری یا پھر حادثے کے باعث موت کا شکار ہو جائیں گے۔

سری لنکا میں عام طور پر لوگ اپنے اہم معاملات سے متعلق نجومیوں سے رائے لیتے ہیں۔وجے منی کی پیش گوئیاں پہلے پہل تو فیس بک پر ہی تھیں لیکن بعد ازاں مختلف مقامی اخبارات نے بھی شائع کیا۔

پولیس کے مطابق میڈیا سے متعلق وزارت کے سیکرٹری نمل بوپیج نے پولیس سربراہ کو ایک خط کے ذریعے ان خدشات کی تحقیقات کرنے کی درخواست کی تھی کہ کہیں وجے منی کی ان پیش گوئیوں کے مسلسل جاری کیے جانے کے پیچھے حکومت کے خلاف کوئی سازش تو کارفرما نہیں۔

انھوں نے اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ کہیں کوئی بغاوت یا صدر پر قاتلانہ حملہ کرنے کی منصوبہ بندی نہ کی گئی ہو۔شائع شدہ اطلاعات کے مطابق اس نجومی نے یہ دعوی بھی کیا تھا کہ صدر کے بعد ہونے والے انتخابات خاص طور پر سابق سیکرٹری دفاع گوتابھایا راجاپاکسا کے لیے بہت مفید ثابت ہوں گے۔تاہم پولیس نے صرف وجے منی کی تحقیقات کر کے انھیں تحویل میں لے لیا۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ وجے منی ملک کی بحریہ کا سابق اہلکار ہے اور وہ بھارت کے سابق وزیراعظم راجیو گاندھی پر حملہ کرنے کی کوشش پر ڈھائی سال قید بھی کاٹ چکا ہے۔1987 میں راجیو گاندھی کولمبو میں بحریہ کے گارڈز کا معائنہ کر رہے تھے کہ وجے منی نے ان پر اپنی بندوق سے حملہ کرنے کی کوشش کی تھی۔اپنی رہائی کے بعد وجے منی نے سیاست میں آنے کا فیصلہ کیا اور 2000 کے پارلیمانی انتخابات میں بطور امیدوار حصہ بھی لیا۔ بعد ازاں وہ نجومی بن گیا۔