سریش رائنا اور دھونی کی شاندار بیٹنگ کے بعد چاہل کی تباہ کن عمدہ باؤلنگ کی بدولت بھارت نے انگلینڈ کو آخری اور فیصلہ کن ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 75 رنز سے زیر کر کے سیریز 2-1 سے جیت لی۔
بدھ کو بنگلور میں کھیلے گئے سیریز کے آخری اور فیصلہ کن ٹی ٹونٹی میچ میں انگلش ٹیم کے قائد این مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے مہنگا ثابت ہوا، میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز کا مجموعہ تشکیل دیا۔
بھارتی ٹیم کی اننگز کا آغاز کچھ زیادہ اچھا نہ تھا اور 4 کے سکور پر اسے کپتان ویرات کوہلی کا نقصان اٹھانا پڑا کوہلی 2 رنز بنا سکے لیکن اس کے بعد سریش رائنا،مہندرا سنگھ دھونی اور یووراج سنگھ نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلش باؤلرز کی خوب دھنائی کی اور ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، سریش رائنا 63 رنز بنائے، دھونی 56 رنز بناکرنمایاں بلے باز رہے، یووراج سنگھ 10 گیندوں پر 3 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، لوکیش راہول 22 اور ہرڈک پانڈیا 11 رنز بنا کر سکے۔
انگلینڈ کی جانب سے تیمل ملز، کرس جورڈن، لیام پلنکٹ اور بین سٹوکس نے ایک، ایک وکٹ لی۔
جواب میں انگلش ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 17ویں اوور میں 127 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، 8 رنز پر پہلی وکٹ کھونے کے بعد جیسن روئے اور جوروٹ نے مل کر سکور 55 تک پہنچا دیا یہاں پر روئے جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 32 رنز بنا کر مشرا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، اس موقع پر کپتان مورگن اور روٹ نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ میں 64 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 119 تک پہنچا کر اسے جیت کی امید دلائی۔
یزویندر چاہل نے اپنے تیسرے اوور میں مورگن اور روٹ کو آؤٹ کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا،مورگن اور روٹ کے آؤٹ ہونے کے بعد انگلینڈ کے آخری 6 کھلاڑی مجموعی اسکور میں صرف 8 رنز کا اضافہ کر سکے جن میں سے 4 کھلاڑی صفر اور دو کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، بٹلر، پلنکٹ، جورڈن اور ملز صفر جبکہ بین سٹوکس 6 اور معین علی 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے،
انڈیا کی جانب سے یزویندر چاہل بھارت کے کامیاب ترین باؤلر رہے جنہوں نے 6 وکٹیں لیں، بمرا نے 3 اور مشرا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔