آئندہ برس ہیلتھ کارڈ سروس پورے کے پی کے میں پھیلائیں گے،عمران خان

298

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ آئندہ برس ہیلتھ کارڈ سروس پورے کے پی کے میں پھیلائیں گے ،سب سے زیادہ پیسہ خواتین کی ترقی پر لگا رہے ہیں ،خیبر پختونخوا حکومت نے پاکستان میں مثال قائم کی ،کے پی کے میں تمام ادارو ں میں میرٹ پر لوگ آئیں گے۔

جمعہ کو پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 51 فیصد عوام کیلئے صحت کارڈز انقلابی اقدام ہے۔ پہلے کسی نے ہیلتھ کارڈ سے متعلق نہیں سوچا تھا۔ خیبر پختونخوا کا 93 فیصد ریونیو وفاق سے آتا ہے ،آئندہ برس ہیلتھ کارڈ سروس پورے کے پی کے میں پھیلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتال میرٹ اور سیاسی مداخلت کے باعث نجی ہسپتالوں سے پیچھے ہیں۔ خیبر پختونخوا کی پولیس میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں ۔ صوبے کے 34 ہزار بچے پرائیویٹ سکولوں سے سرکاری سکولوں میں آئے ہیں۔ سب سے زیادہ پیسے خواتین کی ترقی پر لگا رہے ہیں۔

 عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے پاکستان میں مثال قائم کی ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ سرکاری ہسپتالوں کا معیار گر گیا سرکاری ہسپتالوں کا نظام بھی بہتر کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ دنیا میں وہ ادارے ترقی کرتے ہیں جن میں میرٹ کا نظام بہتر ہو جب تک اداروں میں سفارشی لوگ ہوں گے ادارے ترقی نہیں کریں گے۔ کے پی کے میں تمام اداروں میں میرٹ پر لوگ آئیں گے۔ خیبر پختونخوا تمام صوبوں کیلئے مثال بنے گا۔