پانامہ کیس میں ان شاءاللہ عوام کی فتح ہوگی،سراج الحق

237

امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک کی بقاءوسلامتی کے لیے اگرپانچ ہزارلوگ جیل چلے جائیں تو یہ کوئی بڑی قربانی نہیں ہے،ہم پرامید ہیں کہ پانامہ کیس میں ان شاءاللہ عوام کی فتح ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دارالعلوم الاسلامیہ کندھ کوٹ میں جماعت اسلامی کے بزرگ رہنما اورممتازعالم دیں مولانا واحدبخش خلجی کی وفات پرلواحقین سے تعزیت واجتماع سے خطاب اورمیڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ کتنے دکھ وافسوس کی بات ہے کہ ملک دن بدن کنگال عوام بدحال ہوتے جارہے ہیں مگرحکمرانوں کے کاروبارو اورثاثہ جات میں اضافہ ہوتا جارہاہے ،جماعت اسلامی صالح معاشرہ اورکرپشن فری پاکستان کے لیئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔انہوں نے مولانا واحد بخش خلجی کی علمی ودینی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اوربلنددرجات کیلئے دعا کی۔

قبل ازیں ان کاکرمپوربجارانی اورغوثپورمیں کارکنان نے بھرپور استقبال کیا ۔اس موقع پرصوبائی امیرڈاکٹرمعراج الہدیٰ صدیقی،قیم صوبہ ممتازحسین سہتو،مرحوم کے بڑے صاحبزادے وامیرضلع کشمورحافظ سلیم اللہ خلجی سمیت دیگرصوبائی،ضلعی ومقامی رہنمابھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ اگرعوام نے جماعت اسلامی کو خدمت کا موقع دیا تو ہمارے نمائندے ان شاءاللہ عوام کی امیدوں پربھرپور پورا اتریں گے۔