مزید چینی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے تیار

384

برطانوی نیوز ایجنسی کے مطابق چین کی بہت سی کمپنیاں پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کی تیاریاں کر رہی ہیں، یہ سرمایہ کاری گلوبل ٹریڈ نیٹ ورک میں اہم کردار ادا کرے گی۔

برطانوی نیوز ایجنسی نے پاکستان کے کئی بڑی کمپنیوں کے ایک درجن اعلیٰ عہدیداران کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ چین کی بہت سی کمپنیاں پاکستان میں سیمنٹ، سٹیل، انرجی اور ٹیکسٹائل کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے کی تیاریاں کر رہی ہیں، تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ چین کی کمپنیاں اپنے ملک کے وژن‘‘ون بیلٹ، ون روڈ’’ کے تحت پاکستان میں سرمایہ کر رہی ہیں کیونکہ عالمی تجارت کے اس وژن اور نیٹ ورک میں پاکستان کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ سرمایہ کاری گلوبل ٹریڈ نیٹ ورک میں اہم کردار ادا کرے گی۔

برطانوی خبر رساں ادارے نے مزید لکھا ہے کہ چین کی سربراہی میں ایک کنسورشیم نے حال ہی میں پاکستان سٹاک ایکسچینج میں بڑی سرمایہ کاری کی ہے اسی طرح شنگھائی الیکٹرک پاور نے پاکستان کی بجلی کی بڑی پیداواری کمپنی کے الیکٹرک میں 1.8 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔ اس رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ چین کی متعدد کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی لے رہی ہیں۔

خبر رساں ایجنسی نے دو بڑی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو محمد علی طبا کے حوالے سے لکھا ہے کہ اگرچہ ایک چینی کمپنی کی پارٹنرشپ میں انہیں کے الیکٹرک میں سرمایہ کاری کا موقع نہیں ملا لیکن یہ گروپ جوائنٹ وینچر کے طور پر دو ارب ڈالر سرمایہ کاری پر کام کررہا ہے۔ خبر رساں ایجنسی کو ایک وفاقی وزیر نے بتایا ہے کہ چین کا سٹیل کے شعبہ کا ایک بڑا نام باؤ سٹیل گروپ پاکستان سٹیل ملز کو تیس سال کیلئے لیز پر حاصل کرنے کیلئے مذاکرات کررہا ہے۔

رپورٹ میں پاکستان بورڈ آف انوسٹمنٹ کے چیئرمین مفتاح اسماعیل کے حوالہ سے کہا گیا ہے کہ چینی کمپنیاں پاکستان میں ٹیلی کام اور آٹو سیکٹر میں سرمایہ کاری کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہیں۔ فا گروپ اور فوٹن موٹر گروپ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی تیاری مکمل کرچکے ہیں۔