افغان فضائیہ کی داعش کے ٹھکانوں پر بمباری،12جنگجو ہلاک،6زخمی

215

افغان فضائیہ کی داعش کے ٹھکانوں پر بمباری  کے نتیجے میں 12 جنگجو ہلاک اور6 زخمی ہوگئےجبکہ ننگر ہار میں پولیس اور داعش کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں 12 جنگجو اور5 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔

ہفتہ کو افغان میڈیاکے مطابق داعش کے ٹھکانوں پر افغان فضائیہ کی بمباری کے نتیجے میں 12 جنگجو ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے جبکہ متعدد ٹھکانوں کو تباہ کردیا گیا۔ افغان آرمی کی صلیب 201 کور کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مشرقی صوبہ ننگرہار کے ضلع آچن میں داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے گئے ہیں جن میں 12 جنگجو ہلاک اور 6 دیگر زخمی ہوگئے جبکہ دہشتگردوں کی 2 پی کے مشین گنیں اور 2 راکٹ لانچروں کو تباہ کردیا گیا ۔دہشتگردوں کے کئی ٹھکانے بھی تباہ ہوگئے۔

ادھر ننگرہار میں مقامی پولیس اور داعش جنگجوؤں کے درمیان تازہ جھڑپیں ہوئی ہیں ۔مقامی حکام کا کہنا ہے کہ داعش کے جنگجوؤں نے افغان مقامی پولیس کی ضلع کوٹ میں ایک چیک پوسٹ پر گزشتہ رات حملہ کردیا جس کے بعد جھڑپیں شروع ہوگئیں۔ضلع کوٹ میں ایک سرکاری عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ جھڑپوں میں داعش کے 12 جنگجو اور 5 پولیس اہلکار مارے گئے۔مارے جانے والے داعشی جنگجو غیر ملکی تھے جن کی لاشیں گزشتہ رات گئے تک علاقے میں پڑی رہیں۔

دوسری جانب جنوبی صوبہ ہلمند میں خودکش بمبار بچے نے خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔وزارت داخلہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ 12سالہ خودکش حملہ آور عبداللہ کا تعلق جنوبی صوبہ زابل سے ہے ۔بیا ن میں مزید کہا گیا ہے کہ خود کش حملہ آور کو طالبان جنگجوؤں نے زبردستی حملے کیلئے بھیجا تھا تاہم وہ فرا ر ہوگیا اور خودکو پولیس حکام کے حوالے کردیا۔