چین میں ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے 500 سے زائد افراد نے ایک ساتھ تصویر بنوائی ہے جسے ایک ریکارڈ قرار دیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مشرقی صوبے جی جیانگ کے گاؤں شیشے میں رین خاندان سے تعلق رکھنے والے پانچ سو سے زائد افراد نے گروپ فوٹو بنوائی۔یہ تصاویر چینی نئے سال کے موقع پر لی گئی تھیں جب روایتی طور پر چین میں خاندان ایک دوسرے کے ساتھ ملتے ہیں اور کھانا کھاتے ہیں۔شیشے نامی گاؤں میں یہ تصاویر ژینگ لیانگ زونگ نامی فوٹوگرافر نے ایک ڈرون کیمرے کی مدد سے لیں۔ رین خاندان کی اس گاؤں میں تاریخ تقریبا ساڑھے آٹھ سو سال پرانی ہے۔
فوٹوگرافر کے مطابق گذشتہ آٹھ دہائیوں کے وقفے کے بعد اس خاندان کے افراد نے شجرہ نسب کی تجدید دوبارہ شروع کی ہے۔اس تجدید کے بعد خاندان کی سات نسلوں اور مزید دو ہزار افراد کی نشاندہی ہوئی ہے۔شجرہ نسب کی تکمیل کے بعد خاندان کے افراد نے خوشی میں ایک بڑی ملاقات کا اہتمام کیا جس میں پانچ سو سے زائد افراد نے شرکت کی جن میں سے کئی لوگ بیجنگ، شنگھائی اور تائیوان سے بھی آئے۔چین میں اس طرح کی بڑی خاندانی تصاویر لینے کا رجحان عام ہے لیکن اس کے باوجود رین خاندان کی تصویریں ملک میں کافی مقبول ہو گئی ہیں اور ملک بھر کے میڈیا میں ان کو تشہیر ملی ہے۔