پاکستان سپرلیگ:اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کل پہلے میچ میں آمنے سامنے 

149

پاکستان سپرلیگ کے دوسرے سیزن میں افتتاحی میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان جمعرات کو کھیلا جائیگا۔

افتتاحی میچ دوبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوگا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت مصباح الحق جبکہ پشاور زلمی ٹیم کے کپتانی کے فرائض ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ڈیرن سیمی سرانجام دے رہے ہیں۔

گذشتہ سال کھیلے گئے فائنل میں مصباح الحق کی قیادت میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

islamabad-united

دوسری پاکستان سپر لیگ میں مجموعی طور پر 24 میچز کھیلے جائیں گے۔ دبئی 13 اور شارجہ 10 میچوں کی میزبانی کرے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس بار فائنل لاہور میں کرانے کا اعلان کر رکھا ہے۔

اس سال بھی پاکستان سپر لیگ میں گذشتہ سال کی طرح پانچ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز اور لاہور قلندر شامل ہیں۔

psl-teams

اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت مصباح الحق کررہے ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سرفراز احمد کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ پشاور زلمی کی قیادت شاہد آفریدی کی جگہ ڈیرن سیمی سنبھالیں گے۔ لاہور قلندر نے اظہر علی کی جگہ برینڈن مک کلم کو کپتان مقرر کیا ہے جبکہ کراچی کنگز کے کپتان شعیب ملک کی جگہ کمار سنگاکارا ہوں گے۔

psl-teams-captain

پاکستان سپر لیگ کی تین فرنچائزز کو 13 غیرملکی کرکٹرز کی جانب سے مقابلے سے دستبرداری اختیار کرنے کے بعد اپنے سکواڈز میں ردوبدل کرنا پڑا ہے۔

پشاور زلمی نے الیکس ہیلز، محمد شہزاد اور شکیب الحسن کی جگہ مارلن سیمیولز، آندرے فلیچر اور تلکارتنے دلشن کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔

لاہور قلندر نے ڈواین براوو، شان ٹیٹ اور اینٹن ڈیوکچ کی جگہ جیسن روئے، کرس گرین اور جیمز فرینکلن کو ٹیم میں جگہ دی ہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کارلوس بریتھ ویٹ، ڈیوڈ ولی، روومین پاول اور محمد نبی کی جگہ نیتھن مک کلم، تشارا پریرا اور رلی روسو سے معاہدے کیے ہیں۔

کوئٹہ نے معین علی کو اپنے سکواڈ میں شامل کیا تھا لیکن وہ عمرے کی ادائیگی کی وجہ سے سپر لیگ میں شرکت سے معذرت کرچکے ہیں۔ان کے بعد بریڈ ہوج کو ٹیم میں شامل کیا گیا لیکن ان کی جانب سے بھی معذرت کے بعد محمود اللہ کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے آندرے رسل پر ڈوپنگ کے قواعد وضوابط کی خلاف ورزی پر ایک سالہ پابندی عائد ہونے کے بعد سٹیون فن کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔

فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن ( فیکا)نے بین الاقوامی کرکٹرز کو متنبہ کیا تھا کہ وہ فائنل کے لیے لاہور جانے سے گریز کریںتاہم پاکستان کرکٹ بورڈ یقین دلایا ہے کہ تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے گئے ہیں۔