حیدرآباد:مشفق الرحیم اور مہدی حسن بھارتی باؤلرز کے سامنے ڈٹ گئے

125

بنگلہ دیش نے تیسرے روز کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 322 رنز بنا لئے، مہمان ٹیم کو فالو آن سے بچنے کیلئے مزید 166 اور بھارت کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 365 رنز درکار ہیں۔

ہفتہ کو حیدرآباد دکن میں جاری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بنگلہ دیشی ٹیم نے 41 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو تمیم اقبال 24 اور مومن الحق ایک رن پر کھیل رہے تھے، بھارتی باؤلرز نے دونوں کھلاڑیوں کو جم کر کھیلنے کا موقع نہ دیا، دن کے تیسرے ہی اوور میں تمیم گزشتہ دن کے سکور میں اضافہ کئے بغیر 24 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے، مومن الحق 12 اور محموداللہ 28 رنز بنا کر چلتے بنے۔

109 کےاسکور پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد شکیب الحسن اور کپتان مشفق نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور پانچویں وکٹ میں 107 اہم رنز جوڑ کر ٹیم کو سہارا دیا، 216 کے مجموعی سکور پر ایشون نے شکیب کو آؤٹ کر کے نہ صرف اہم پارٹنرشپ کا خاتمہ کیا بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی، شکیب نے 82 رنز کی اننگز کھیلی، صابررحمان 16 رنز بنا کر جدیجہ کی گیند کا نشانہ بنے۔

مہدی حسن نے کپتان کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے ڈٹ کر حریف باؤلرز کا مقابلہ کیا اور دن ختم ہونے تک مزید نقصان نہ ہونے دیا، اسطرح تیسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو بنگلہ دیش نے 6 وکٹوں پر 322 رنز بنا لئے تھے، مہمان ٹیم کو فالو آن سے بچنے کیلئے مزید 166 اور میزبان ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور بنانے کیلئے مزید 365 رنز کی ضرورت ہے، مشفق 81 اور مہدی حسن 51 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

اومیش یادیو نے 2 جبکہ ایشانت شرما، ایشون اور جدیجہ نے ایک، ایک وکٹ لی۔