ریاستی رٹ کی بحالی کے لئے جوانوں کی بہادری اور عزم کو سراہتا ہوں،آرمی چیف

200

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنوبی وزیرستان کے دورے کے موقع پر بہتر سرحدی نظام ، علاقے میں ترقیاتی کاموں اور آپریشنل کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قبائل کی توقعات کے مطابق فاٹا کو مرکزی دھارے میں لانے کی کوششیں جاری رکھیں گے ، علاقے میں پائیدار امن کے لئے سماجی و اقتصادی منصوبوں پر توجہ مرکوز کی جائے،مقامی انتظامیہ اور قبائلی بھائیوں کی طرف سے فوج کی حمایت قابل تعریف ہے۔

اتوارکو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنوبی وزیرستان ایجنسی کا دورہ کیااور اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں کے ساتھ دن گزارا۔

آرمی چیف کو جنرل آفیسر کمانڈر نے ایجنسی میں سیکیورٹی اور استحکام کی صورتحال پر بریفنگ دی ، آرمی چیف کو عارضی نقل مکانی کرنے والوں کی بحالی اور بارڈرمینجمنٹ پر بھی بریف کیا گیا ۔آرمی چیف نے بہتر سرحدی نظام ، علاقے میں ترقیاتی کاموں اور آپریشنل کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

 اس موقع پر جوانوں سے خطاب میں آرمی چیف جنر ل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ علاقے میں پائیدار امن کے لئے سماجی و اقتصادی منصوبوں پر توجہ مرکوز کی جائے۔ ریاستی رٹ کی بحالی کے لئے جوانوں کی بہادری اور عزم کو سراہتا ہوں ۔مقامی انتظامیہ اور قبائلی بھائیوں کی طرف سے فوج کی حمایت قابل تعریف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قبائل کی توقعات کے مطابق فاٹا کو مرکزی دھارے میں لانے کی کوششیں جاری رکھیں گے ۔ جنوبی وزیرستان آمد پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔