پی ایس ایل کے چھٹے میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندر کو 3 وکٹ سے شکست دے دی۔
دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل کے چھٹے میچ میں لاہور قلندر کے 60 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 17 اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کیا۔ پشاور زلمی کی جانب سے این مورگن 23 اور شاہد آفریدی 13 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ محمد حفیظ 3، ڈیوڈ میلان ایک، کامران اکمل 3، صہیب مقصود صفر، کپتان ڈیرن سیمی 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
لاہور قلندر کی جانب سے یاسر شاہ نے 4 سنیل نارائن نے 2 اور سہیل تنویر نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر لاہور قلندر کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ لاہور قلندر کی جانب سے اننگز کا آغاز کپتان برینڈن میک کولم اور جیسن روئے نے کیا۔ کپتان برینڈن میک کولم پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے محمد اصغر کی گیند ڈیوڈ ملان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے جس کے بعد لاہور قلندر کی ٹیم ابتداء سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور وقفہ وقفہ سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور اس طرح پوری ٹیم 59 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی ۔لاہور قلندر کے پانچ کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔محمد رضوان اور فخر زمان کے علاوہ کوئی کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکا، فخرزمان 33 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔
پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی نے 3،کرس جورڈن نے 2، محمد حفیظ، شاہد آفریدی، وہاب ریاض اور ؐھؐد اصغر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔