مقبوضہ کشمیر،مجاہدین کے ساتھ جھڑپ،3بھارتی فوجی جہنم واصل،9 زخمی

167

مقبوضہ کشمیر کے علاقے بانڈی پورہ میں مجاہدین کے ساتھ جھڑپ میں 3بھارتی فوجی جہنم واصل ہوگئےجبکہ 2 افسران سمیت 9 اہلکار زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے علاقے بانڈی پورہ میں منگل کو ایک مسلح جھڑپ میں 3 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے۔حکام کے مطابق اس جھڑپ میں 2 افسران سمیت 5 فوجی، مقامی پولیس کے 4 اہلکار اور ایک شہری بھی زخمی ہوا ہے۔زخمی ہونے والے فوجی افسران وجوانوں اور پولیس کے اہلکاروں کو سری نگر میں فوج کے 92 بیس اسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔بھارتی فوج کے ذرائع کے مطابق زخمی میجر بی ایس تھاپا کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

واضح رہے دو روز قبل مقبوضہ کشمیر کے ضلع کلگام میں مجاہدین کے ساتھ جھڑپ میں 2 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے تھے جبکہ قابض بھارتی فوج نے اپنی ظالمانہ کاروئیوں کے دوران 6 کشمیریوں کو شہید کردیاتھا۔۔کلگام میں شہریوں کی شہادت کے بعد مقبوضہ وادی میں صورت حال ایک مرتبہ پھر کشیدہ ہوگئی تھی اور حریت رہنماؤں کی اپیل پر کشمیر کے مختلف علاقوں میں پیر کو ہڑتال بھی کی گئی۔ جب کہ کلگام میں مظاہروں کے دوران بھارتی سکیورٹی فورسز سے تصادم میں متعدد افراد زخمی بھی ہوگئے تھے۔