ٹی ٹونٹی میچ،جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو 78 رنز سے شکست دے دی

150

ہاشم آملہ کی شاندار بلے بازی اور عمران طاہر کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو واحد ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 78 رنز سے شکست دے دی۔

جمعہ کو آکلینڈ کے ایڈن پارک  میں کھیلے گئے واحد ٹی ٹونٹی میچ میں کیوی ٹیم کے قائد کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے مہنگا ثابت ہوا، پروٹیز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 185 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، آملہ نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 62 رنز کی اننگز کھیلی، ڈی کوک بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، کپتان فاف ڈوپلیسی 36، اے بی ڈی ویلیئرز 26، جے پی ڈومینی 29، فرحان بہاردین 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کرس مورس 9 اور پارنیل 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سےگرینڈہوم اور ٹرینٹ بولٹ نے 2،2 اور وہیلر نے ایک وکٹ لی۔

جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 15ویں اوور کی پانچویں گیند پر 107 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، عمران طاہر کی تباہ کن باؤلنگ کے سامنے نیوزی لینڈ کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور اس کی یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتیں رہیں، 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، ٹام بروس 33 رنز بنا کر نمایاں رہے، گلین فلپس 5، کپتان ولیمسن 13، کولن منرو صفر، کورے اینڈرسن 6، گرینڈہوم 15، لیوک رونچی صفر، مچل سینٹنر 5، وہیلر 6 اور ٹم ساؤتھی 20رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے عمران طاہر پروٹیز کے کامیاب ترین باؤلر رہے جنہوں نے 3.5 اوورز میں 24 رنز دے کر 5 وکٹیں لیں، پہلک وایو نے 3 اور کرس مورس نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔