پی ایس ایل:کوئٹہ گلیڈیئیٹر نے لاہور قلندر کو شکست دے دی

202

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹو میں کیون پیٹرسن کی طوفانی اننگز کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندر کو سنسنی خیز مقابلے میں 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

 ہفتہ کو شارجہ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ لاہور قلندرز کی جانب سے اننگز کا آغاز جیسن رائے اور فخر زمان نے کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 6.4 اوورز میں 77 رنز جوڑے۔ جیسن روئے 77 کے مجموعی اسکور پر 27 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 51 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ فخر زمان 47 رنز کی اننگز کھیلی۔ عمر اکمل اس بار بھی زیاد اچھی کارکردگی نہ دکھاسکے اور 17 رنز پر پویلین لوٹ گئے تاہم محمد رضوان اور کیمرون ڈیلپورٹ نے 77 رنز کی شراکت داری قائم کرکے کوئٹہ کو اچھا ٹارگٹ فراہم کرنے میں مدد دی، رضوان 46 اور کیمرون 35 پر ناٹ آؤٹ رہے۔

کوئٹہ گلیڈیئیٹر کی جانب سےحسن خان نے 2 اور ذوالفقار بابر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مطلوبہ ہدف 19ویں اوور کی پانچویں گیند پر 5 وکٹوں پر پورا کیا،کوئٹہ کی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا اور 24 کے سکور پر دونوں اوپنرز آؤٹ ہو گئے، شہزاد 15 اور سعد 5 رنز بنا پائے، اس موقع پر ریلی روسو اور پیٹرسن نے مل کر سکور 81 تک پہنچا دیا، یہاں پر روسو 33 رنز بنا کر عرفان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے، تھسرا پریرا ایک بنا سکے، 89 رنز پر 4 وکٹیں گرنیں کے بعد کپتان سرفراز اور پیٹرسن نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے ڈٹ کر حریف باؤلرز کا مقابلہ کیا اور پانچویں وکٹ میں 101 رنز کی قیمتی شراکت قائم کر کے میچ کا نقشہ بدل دیا، 190 کے سکور پر سرفراز 45 رنز بنا کر سہیل تنویر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، پیٹرسن نے 8 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 88 اور انورعلی نے 12 ناقابل شکست رنز بنا کر ٹیم کو کامیابی دلائی۔

لاہور قلندر کی جانب سےسہیل تنویر اور عرفان جونیئر نے دو، دو جبکہ ڈیلپورٹ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔