گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک مارکیٹ بدترین مندی سے دوچار رہی

156

گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک مارکیٹ بدترین مندی سے دوچار رہی،کاروباری اتار چڑھاؤ کے باعث رونما ہونیوالی مندی سے انڈیکس 49900 پوائنٹس کی بلند سطح سے گھٹ کر 49300 پوائنٹس کی کم سطح پربندہواجبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں 83 ارب سے زائدروپے کی کمی ریکارڈکی گئی جس سے سرمائے کاحجم 98 کھرب سے گھٹ کر 97 کھرب روپے کی سطح پرآگیا۔

گزشتہ ہفتے مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کاآغازتیزی کے ساتھ ہوااورصرف 2 کاروباری دنوں میں انڈیکس 414.70 پوائنٹس بڑھ گئے جبکہ تین روزہ مندی کے سبب انڈیکس 964.60 پوائنٹس گھٹ گیا۔مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق 50 ہزار پوائنٹس کی سطح کے قریب اسٹاک مارکیٹ تکنیکی کریکشن کا شکار ہے حصص کی قیمت بڑھنے پر مقامی سرمایہ کار منافع کی خاطر فروخت کا ترجیح دیتے ہیں جس کی وجہ سے مارکیٹ مثبت زون میں جانے کے بعد منفی زون میں واپس آجا تی ہے۔

ماہرین کے مطابق مارکیٹ میں فی الوقت کوئی ٹریگر موجود نہیں،پانامہ کیس کی سماعت سے بھی انویسٹرز تذبذب کا شکار ہے یہ صورتحال سرمایہ کاروں کو نئی سرمایہ کار سے روک رہی ہے۔ گزشتہ ہفتے خریداری کے باعث تیزی آنے سے ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پرانڈیکس 50300 پوانٹس کی بلندترین سطح پردیکھا گیا تھا تاہم مندی کے سبب ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 49 ہزارپوائنٹس کی کم سطح پربھی آگیاتھا۔

ہفتہ واررپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے انڈیکس پوائنٹس کی 6 بالائی حدکھوبیٹھا۔گزشتہ ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 549.37 پوائنٹس کی کمی ریکارڈکی گئی جس سے کے ایس ای 100 انڈیکس 49925.08 پوائنٹس کی کم ہوکر 49375.71 پوائنٹس پرآگیا اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس میں 255.6 پوائنٹس کی کمی سے 26695.57 پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئرزانڈیکس 33732.39 پوائنٹس سے گھٹ کر 33484.56 پوائنٹس پربندہوا۔

کاروباری اتارچڑھاؤکے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 83 ارب 57 کروڑ 53 لاکھ 4 ہزار 767 روپے کی کمی ریکارڈکی گئی جس کے نتیجے میں سرمائے کامجموعی حجم 98 کھرب 81 ارب 65 کروڑ 72 لاکھ 90 ہزار 200 روپے سے کم ہوکر 97 کھرب 98 ارب 8 کروڑ 19 لاکھ 85 ہزار 433 روپے رہ گیا۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے زیادہ سے زیادہ 41 کروڑ 75 لاکھ 25 ہزارحصص کے سودے ہوئے اورٹریڈنگ ویلیو 20 ارب روپے ریکارڈکی گئی جبکہ کم سے کم کاروباری لین دین 26 کروڑ 32 لاکھ 60 ہزارحصص رہااورٹریڈنگ ویلیو 14 ارب روپے تک محدودرہی۔

گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مجموعی طورپر2087 کمپنیوں کاکاروبارہواجس میں سے 897 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 1118 میں کمی اور 72 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔کاروبارکے لحاظ سے دوست اسٹیل لمیٹڈ،عائشہ اسٹیل مل،کے الیکٹرک لمیٹڈ،پاورسیمنٹ،ٹی آرجی پاک لمیٹڈ،سوئی نادرن گیس کمپنی،میڈیاٹائمز لمیٹڈ،دیوان سیمنٹ،انٹراسٹیل لمیٹڈ،بینک آف پنجاب اورپاک الیکٹرون سرفہرست رہے۔