جنوبی افریقہ نے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سیڈن پارک ہیملٹن میں سیریز کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل بارش کی وجہ سے تاخیر سے شروع ہوا اور میچ کو 34 اوورز تک محدود کردیا گیا، جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈی ولیئرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، نیوزی لینڈ نے مقررہ 34 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے، کپتان کین ولیمسن نے 59 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، دیگر بلے بازوں میں کولن گرینڈہوم (ناٹ آؤٹ) 34، ڈین براؤنلی 31، جمی نیشم 29 اور ٹم ساؤدی 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کرس مورس نے چار اور کگیسو ربادا نے دواور تبریز شمسی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں جنوبی افریقہ نے ہدف سنسنی خیز مقابلے کے بعد 33.5 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، کوئنٹن ڈی کاک نے 69 اور ہاشم آملہ نے 35 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر عمدہ آغاز فراہم کیا، آخر میں اے بی ڈی ولیئرز اور فلکوایو نے شاندار بیٹنگ کی اور بالترتیب 37 اور 29 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی دلا دی۔ پروٹیز نے 208 رنز کا ہدف آخری اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سےٹم ساؤتھی نے دو،ٹرینٹ بولٹ ،مچل سینٹنر،ایش سودھی اورکین ولیمسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔