سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں شکست دے دی

185

سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری بال پر چوکا لگا کر دنیائے کرکٹ کے حکمران آسٹریلیا کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 2 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 2۔0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 173 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ موئسس ہینرکس نے ناقابل شکست 56 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں 2 چھکے اور 2 چوکے بھی شامل ہیں۔ دیگر بلے باز خاطرخواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے۔

آسٹریلیا کی جانب سے مائیکل کلنگر نے 43، ایرون فنچ نے 12، بین ڈنک نے 32، ٹریویس ہیڈ نے 4، ایشٹن ٹرنر نے 7، جیمز فالکنر نے 1، ٹم پین نے 7 اور پیٹ کومنز نے 3 رنز بنائے جبکہ اینڈریو ٹائے اور جے رچرڈسن بغیر کوئی سکور بنائے پویلین لوٹ گئے۔

سری لنکا کی جانب سے نوووان کلاسیکرا سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 31 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ لاستھ ملنگا اور ویکوم باندرا نے 2,2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ اسیلا گونارتنے اور سیکوگ پراسانا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

 جواب میں سری لنکا کو پہلا نقصان 5 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا اور اوپل تھرنگا آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے اس کے بعد کوئی کھلاڑی وکٹ پر زیادہ دیر نہ ٹھہر سکا اور محض 40 کے مجموعی سکور پر جب 5 وکٹیں گر چکی تھیں تو اس موقع پر کاپو گیندرا اور گونا رتنے کے درمیان 42 رنز کی شراکت داری ہوئی تاہم 92 کے مجموعی سکور پر کاپوگیدرا بھی 32 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد گونا رتنے نے کسی آسٹریلوی باؤلر کی ایک نہ چلنے دی اور جارحانہ انداز اختیار کیا۔

 ایک موقع پر جب سری لنکا کو آخری 3 اوورز میں جیت کیلئے 48 رنز درکار تھے اور اس کی 7 وکٹیں گر چکی تھیں تو گونا رتنے نے چوکے اور چھکوں کی بارش کر دی۔ انہوں نے 5 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 46 گیندوں پر ناقابل شکست رہتے ہوئے84 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر نہ صرف ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا بلکہ مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی لے اڑے۔