پاک فوج کی افغانستان کی سرزمین پر کاروائیوں سے پاکستان میں امن آئے گا،لیاقت بلوچ

817

جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پاک فوج کی افغانستان کی سرزمین پر بھارتی سر پرستی میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر کاروائیوں سے پاکستان میں امن آئے گا۔

جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ سے آزاد کشمیر، مقبوضہ کشمیر اور افغانستان سے آئے وفد نے لاہور میں ملاقات کی۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور تحریک آزادئ کشمیر اور دہشتگردی کے تازہ بدترین واقعات کے بعد سیکورٹی اداروں کی جانب سے افغان مہاجرین کے ساتھ کاروائیوں پر تبادلہ خیال ہوا۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ آزادی و حق خود ارادیت کشمیریوں کا حق ہے۔ جماعت اسلامی کشمیریوں کی جدوجہد میں ہر طرح کا تعاون اپنا دینی ، ملی اور انسانی فریضہ سمجھتی ہے۔ عالمی ادارے خصوصاً عالم اسلام امن کے لیے طویل مدت سے حل طلب مسئلہ کشمیر حل کرائیں ۔ بھارتی قابض فوج کے مظالم بدترین ہیں ۔ انڈیا افغانستان سے پاکستان میں دہشتگردی آپریٹ کر رہاہے۔ ہمارا پختہ یقین ہے کہ کشمیری کامیاب ہوں گے۔ بھارت عبرتناک انجام سے دوچار ہوگا۔

لیاقت بلوچ نے افغان مہاجرین کے وفد سے سیکورٹی اداروں کی کاروائیوں پر کہاکہ امن ناگزیر ہے۔ دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں ان کا صفایا ضروری ہے ۔ پاک فوج کی افغانستان کی سرزمین پر بھارتی سرپرستی میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر کاروائیوں سے پاکستان میں امن آئے گا۔ سیکورٹی ادارے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس امر کو یقینی بنائیں کہ پرامن اور قانون کے مطابق افغان مہاجرین کو ناجائز تنگ نہ کیا جائے۔ محب دین افغان مہاجرین پاکستان کے دوست ہیں ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ موجودہ صورتحال کے حوالے سے دفاع پاکستان کونسل کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس بلالیا گیاہے۔