وزارت داخلہ نے ججز کی سیکیورٹی کیلئے خصوصی فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس فورس کے قیام کیلئے بجٹ طریقہ کار اور نفری کی تعداد کے معاملے پر تین رکنی کمیٹی قائم کردی ہے جو 15 روز میں اپنی رپورٹ مرتب کرے گی۔
ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے ماتحت اور اعلیٰ عدلیہ کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،ججز سیکیورٹی فورس کے قیام کیلئے تین رکنی کمیٹی قائم کردی، کمیٹی کے سربراہ نیشنل پولیس بیورو کے ڈائریکٹر کلیم امام ہوں گے جبکہ کمیٹی کے دیگر ارکان میں آئی جی اسلام آباد طارق مسعود اور ڈی جی نیکٹا عمر شیخ ہوں گے۔ یہ کمیٹی اپنی رپورٹ 15 روز میں سیکرٹری داخلہ کو ارسال کرے گی۔
کمیٹی نئی فورس کے قیام اور بجٹ سمیت تمام ضروریات کا جائزہ لے گی، کمیٹی فورس کے قیام کیلئے کمانڈنٹ ایف سی سے بھی مشاورت کر کے 15روز میں سیکرٹری داخلہ کو ارسال کرے گی ۔فورس میں پولیس ، رینجرز اور ایف سی سمیت دیگر اداروں سے جوان لئے جائیں گے۔