وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ریلوے ٹکٹ کی آن لائن بکنگ کیلئے موبائل ایپ کا افتتاح کر دیا ٗمسافر کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ کے بغیر اپنے سمارٹ فون سے ہی اپنی مرضی کی دستیاب سیٹ کی بکنگ کروا سکیں گے۔
ریلوے ہیڈ کوارٹر زلاہور میں موبائل ایپ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اس وقت پاکستان ریلوے میں 48 ٹرینوں کے تمام ریکس کی ریزرویشن 100 فیصد ای۔ ٹکٹنگ کے نظام پر آچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام یو بی ایل کے اومنی سنٹرز سے بھی ریل کی ٹکٹ بک کروانے کی سہولت سے استفادہ کر سکتے ہیں ،جبکہ دیگر موبائل بینکنگ کو بھی ریلوے کے سسٹم میں لایا جا رہا ہے،اسی طرح جن لوگوں کے پاس اسمارٹ فون دستیاب نہیں ان کو آن لائن بکنگ کی سہولت فراہم کرنے کیلئے کال سنٹرز کا بھی اجراء کیا جا رہا ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ 3 اکتوبر 2016ء کو ریلوے نے آن لائن ٹکٹ کا آغاز کیا گیا جس سے اب تک 6 کروڑ روپے کی آمدنی ہوئی، انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے جلد آرمڈ فورسز کو بھی آن لائن ٹکٹ بکنگ کی سہولت مہیا کرے گا۔