پاکستان میں گاڑیوں کی فروخت میں اضافہ

144

پاکستان میں گاڑیوں کی فروخت میں ہونے والے نمایاں اضافے کے باعث دنیا بھرکے بڑے کارساز ادارے ملک کے آٹو سیکٹر میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں۔

کاروں کی فروخت کا سالانہ حجم دو لاکھ یونٹس سے تجاوز کرچکا ہے اور 200 ملین افراد سے زائد کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی مارکیٹ سے استفادہ کیلئے بین الاقوامی کار ساز ادارے پاکستان میں سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔نکی ایشیاء ریویو کی رپورٹ کے مطابق حکومت پاکستان کی جانب سے متعارف کرائی گئی نئی آٹو پالیسی کے تحت آٹو سیکٹر میں سرمایہ کاری کیلئے پرکشش مراعات متعارف کرائی گئی ہیں جن سے استفادہ کیلئے بڑی عالمی کمپنیاں اقدامات کررہی ہیں۔

 رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال 2015-16ء کے دوران پاکستان میں دو لاکھ18 ہزار کاریں فروخت کی گئیں۔ ملک میں تیار کی جانے والی گاڑیوں کی فروخت کے حوالے سے پاک سوزوکی کمپنی سرفہرست رہی جبکہ ٹویوٹا موٹرز نے بھی گذشتہ مالی سال کے دوران 65 ہزار گاڑیاں فروخت کی اور اس کی فروخت میں11فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح ہنڈا کی تیار کردہ گاڑیوں کی فروخت کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

پاکستان میں آٹو سیکٹر کے شعبہ کی مجموعی کارکردگی میں اضافہ کے باعث شعبہ میں کی جانے والی مقامی و غیرمقامی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ متوقع ہے جس سے نہ صرف روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہونگے بلکہ ملک میں تجارتی و صنعتی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔