ملک کے مختلف شہروں میں سرچ آپریشن،متعدد مشکوک افراد زیرحراست

142

حالیہ دہشتگردوں کے حملوں کے بعد ملک بھر میں جرائم پیشہ افراد اور دہشتگردوں کے خلاف سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن تیز کرتے ہوئے مزید درجنوں مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا ہے ۔

جہلم ، فیصل آباد اور رحیم یارخان کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے گئے جس کے بعد 15 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ۔

ضلع ٹانک میں رات 8 بجے سے صبح 6 بجے تک موٹر سائیکل چلانے پر پابندی لگا دی گئی۔

جہلم میں بائی پاس کے قریب پولیس اور حساس اداروں نے سرچ آپریشن کر کے غیر ملکی سمیت 7 افراد کوگرفتار کر لیا۔

فیصل آباد میں پولیس اور حساس اداروں نے سرچ آپریشن کرکے 5 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ۔

رحیم یارخان میں 3 مشکوک افراد کوگرفتار اورایک مشکوک گاڑی بھی تحویل میں لی گئی۔

ضلع ٹانک میں رات 8 بجے سے صبح 6 بجے تک موٹر سائیکل چلانے پر پابندی عائد کردی گئی ۔ یہ پابندی دفعہ 144 کے تحت لگائی گئی ہے ۔ٹانک پولیس کے سربراہ رسول شاہ نے جیو نیوز کو بتایا کہ پابندی سیکورٹی خدشات کے پیش نظر لگائی گئی ہے۔

ڈی پی او کا کہنا تھا کہ ضلع میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی ہے ۔

دوسری جانب چنیوٹ میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کامختلف علاقوں میں سرچ آپریشن ہوا جس میں سرچ آپریشن میں 100سیزائد مشکوک افراد کی بائیومیٹرک ڈیوائس سے تصدیق کی گئی۔