جسٹن ٹروڈو کا بے دخل تارکینِ وطن کو خوش آمدید کہنے کا اعلان

127

کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اعلان کیا ہے کہ امریکا سے بے دخل کئے جانے والے تمام تارکین وطن کو کینیڈا میں قبول کیا جائے گا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق کینیڈین پارلیمینٹ سے خطاب کے دوران وزیراعظم جسٹس ٹروڈو کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے ملک کے امیگریشن سسٹم پر اعتماد ہے۔ اپنے سیاسی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کینیڈین وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جو حفاظت کی تلاش میں ہمارے پاس آتے ہیں،ان کی مدد کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم امریکا سے کینیڈا میں داخل ہونے والے تارکین وطن کو قبول کرنے کی پالیسی برقرار رکھیں گے۔ امریکہ سے کینیڈا میں آکرپناہ حاصل کرنے والےافراد کی تعداد میں  اضافہ ہوا ہے،گزشتہ ماہ 452 افراد کینیڈا پہنچےجبکہ جنوری 2016 میں یہ تعداد صرف 137 تھی۔

واضح رہے جسٹن ٹروڈو کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تارکین وطن کے خلاف اعلان جنگ کر رکھا ہے جبکہ ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس نے امریکا میں غیرقانونی طور پر مقیم ایک کروڑ 10 لاکھ تارکین وطن کو ملک سے نکالنے کے لیے نئی گائیڈ لائن تیار کرلی ہے جس پر عمل کرتے ہوئے جلد ہی ان تمام لوگوں کو امریکا بدر کردیا جائے گا۔