اے بی ڈیویلیئرز کا ون ڈے کرکٹ میں ایک اور کارنامہ

159

جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز اے بی ڈی ولیئرز نے ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین نصف سنچری اور سنچری کے بعد تیز ترین 9 ہزار رنز مکمل کرکے نئی تاریخ رقم کر دی، انہوں نے یہ سنگ میل 205 اننگز میں عبور کیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ویلنگٹن میں نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں اے بی ڈی ولیئرز نے اپنا روایتی کھیل پیش کرتے ہوئے 85 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی اور ساتھ ہی تیزترین 9 ہزار رنز بھی مکمل کئے، انہوں نے 214 میچوں کی 205 اننگز میں یہ کارنامہ سرانجام دیا، اس سے قبل یہ اعزاز بھارت کے سابق کپتان سارو گنگولی کے پاس تھا جنہوں نے 228 اننگز میں 9 ہزار رنز بنائے تھے۔

360 ڈگری کے نام سے مشہور اے بی ڈی ولیئرز اب تک 214 میچوں میں 54.04 کی اوسط سے 9080 رنز بناچکے ہیں جس میں 24 سنچریاں اور 50 نصف سنچریاں شامل ہیں، ان کا اسٹرائیک ریٹ 100 ہے۔اس طرح وہ 9 ہزار رنز مکمل کرنے والے جنوبی افریقہ کے دوسرے اور دنیا کے 18ویں بلے باز بن گئے ہیں۔