اعلان شدہ وظائف نہ دیے گئے تو ینگ ڈاکٹرز 28 فروری سے سول اسپتال کراچی کے ساتھ ساتھ سندھ بھر کے حکومت سندھ کے تحت چلنے والے تمام اسپتالوں کی او پی ڈیز اور آپریشن تھیٹرز کا بائیکاٹ کرنے پر مجبور ہوں گے

122

کراچی (رپورٹ: قاضی عمران احمد) اعلان شدہ وظائف نہ دیے گئے تو ینگ ڈاکٹرز 28 فروری سے سول اسپتال کراچی کے ساتھ ساتھ سندھ بھر کے حکومت سندھ کے تحت چلنے والے تمام اسپتالوں کی او پی ڈیز اور آپریشن تھیٹرز کا بائیکاٹ کرنے پر مجبور ہوں گے، ینگ ڈاکٹرز کا معاشی قتل عام بند کیا جائے اور ان کے جائز حقوق کی ادائیگی کی جائے، محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام کی عدم دلچسپی ینگ ڈاکٹرز کو مسائل میں مبتلا کر رہی ہے، ہم نہیں چاہتے کہ مریضوں کی مشکلات و مسائل میں اضافہ ہو لیکن حکومت سندھ اور محکمہ صحت ہمیں ہڑتال پر مجبور کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سول اسپتال کراچی کے صدر ڈاکٹر وارث نے ’’جسارت‘‘ سے گفتگو کے دوران کیا۔ ڈاکٹر وارث کا کہنا تھا کہ 10 ستمبر 2016ء کو حکومت سندھ نے ہاؤس آفیسرز کا ماہانہ وظیفہ 24 ہزار سے بڑھا کر 30 ہزار اور زیر تربیت پوسٹ گریجویٹس کا ماہانہ وظیفہ 42 ہزار سے بڑھا کر 65 ہزار روپے کر دیا تھا اور 19 ستمبر 2016ء کو اس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری ہو گیا تھا مگر 5 ماہ گزر جانے کے باوجود تاحال ہاؤس آفیسرز اور زیر تربیت پوسٹ گریجویٹس کا اضافی وظیفہ نہیں دیا گیا۔ ڈاکٹر وارث کا مزید کہنا تھا کہ ینگ ڈاکٹرز سول اسپتال کراچی کو ہیلتھ سیکرٹری کی جانب سے ڈاؤ یونیورسٹی کے ذریعے وظیفہ دیا جاتا ہے جب ہم نے ڈاؤ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود حمید خان سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی جانب سے فنڈز جاری نہیں کیے گئے ہیں، اس لیے یونیورسٹی انتظامیہ ینگ ڈاکٹرز کی مدد کرنے سے قاصر ہے۔ ڈاکٹر وارث نے کہا کہ ہم پیر 27 فروری تک انتظار کریں گے کہ حکومت سندھ اور محکمہ صحت کی جانب سے ہمارے اضافی وظیفے کے اجرا میں کوئی پیش رفت کی جاتی ہے بہ صورت دیگر ینگ ڈاکٹرز 28 فروری سے او پی ڈیز اور آپریشن تھیٹرز کے مکمل مقاطعے پر مجبور ہوں گے۔ اس حوالے سے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سندھ کے صدر سمیع اللہ گل نے ہمیں اپنی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے اور کہا ہے کہ اضافی وظائف نہ ملنے کی صورت میں ہم سول اسپتال کراچی کے ساتھ سندھ بھر کے تمام اسپتالوں کی او پی ڈیز اور آپریشن تھیٹرز کے مقاطعے کا اعلان کر دیں گے۔