پاک چین اقتصادی راہداری خطے کے لئے گیم چینجر ہوگی،سیکرٹری خارجہ

109

سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری خطے کے لئے گیم چینجر ہوگی،پاکستان ای سی او کو انتہائی اہمیت دیتا ہے،تنظیم کا فورم خطے میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے معاون ہوگا۔

ایس او ایم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اعزاز چوہدری نے کہا کہ پاکستان تنظیم کے رکن ممالک سے اپنے تعلقات کا فروغ چاہتا ہے ۔جس سے باہمی تعاون اور تجارتی رابطوں کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ای سی او سے روز گار کے مواقع پیدا کرنے،رابطوں میں بہتری اور خطے کی مجموعی ترقی اور خوشحالی میں مدد ملے گی۔

اجلاس کے شرکاء کا استقبال کرتے ہوئے اعزاز چوہدری نے کہا کہ رواں سال کانفرنس کا موضوع نہ صرف ای سی او کے ممبر ممالک بلکہ پورے خطے کیلئے انتہائی اہم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک ) خطے کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا اور اس سے منسلک دیگر تمام راہداریوں سے نہ صرف پاکستان اور چین میں خوشحالی آئیگی بلکہ اس سے خطے کے دیگر تمام ممالک بھی مستفید ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مستحکم اور خوشحال افغانستان چاہتا ہے کیونکہ خطے میں امن و امان کیلئے افغانستان کا پرامن اور مستحکم ہونا بنیادی ضرورت ہے۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ ای سی او کے اجلاس سے خطے کی ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کی راہیں ہموار ہونگی۔

قبل ازیں ای سی او کے سیکرٹری جنرل خلیل ابراہیم نے کانفرنس کا ایجنڈا پیش کیا اور اجلاس کے شرکاء کو گذشتہ ای سی او اجلاس کے منٹس بھی فراہم کئے۔